سندھ میں جے یو آئی کے دھرنے، سندھ اسمبلی کے سامنے قومی عوامی تحریک کی متعدد خواتین گرفتار کرلی گئیں
کراچی (انتخاب نیوز) جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر شارع فیصل اور ٹول پلازہ پر احتجاج۔ جمعیت علماءاسلام کی جانب سے سندھ بھر سے آنے والے قافلوں کو ٹول پلازہ کے مقام پر روک دیا گیا جس کے بعد جے یو آئی کارکنان نے شارع فیصل پر دھرنا دیدیا۔مظاہرین نے ٹول پلازہ کو بند کردیا جبکہ کراچی حیدرآباد موٹر وے پر بھی سیاسی جماعت کے کارکنان موجود ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے والے قومی عوامی تحریک کے کارکنان کو حراست میں لے لیا، قومی عوامی تحریک نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جس میں خواتین بھی موجود تھیں۔انتظامیہ نے سندھ اسمبلی میں نو منتخب ارکان کی تقریب حلف برداری کے باعث سکیورٹی انتظامات سخت کر رکھے ہیں اور علاقے میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے باعث دفعہ 144 کی حدود میں کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔ پولیس نے احتجاج کرنے والے کارکنان منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج بھی کیا اور قومی عوامی تحریک کے 10 کارکنان کو حراست میں لے لیا جن میں خواتین کارکنان بھی شامل ہیں۔


