سلیکٹڈ صوبائی حکومت اور ان کے اتحادیوں نے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے،نصراللہ زیرے

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت اور ان کے اتحادیوں نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافہ کردیا ہے، ہر شعبہ زندگی کو اپنی نااہلی اور نا تجربہ کاری کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، روزگار کی عدم فراہمی کے باعث نوجوانوں کی عمر گزرتی جارہی ہے، دو سال سے زائد گزرنے کے باوجود کسی بھی محکمے میں تعیناتی کے عمل کو یقینی نہیں بنایا گیا، میرٹ کے دعویداروں کا بیانیہ صرف اخبارات اور سوشل میڈیا تک محدود ہے،سلیکٹڈ حکومت نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو تجربہ گاہ بنادیا ہے،کوئٹہ کے شہری پینے کے صاف پانی کوترس رہے ہیں، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کا جینا محال کردیا ہے، صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث ہر طرف گندگی پھیل رہی ہے،عوامی خزانے کی رقم سے من پسند افراد کو اسکیمات کے ذریعے نوازنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، پشتونخوامیپ میں عوام کی جوق در جوق شمولیت پارٹی پر عوام کے اعتماد کامظہر ہے، اقتدار سے باہر ہوتے ہوئے بھی غیور عوام پشتونخوامیپ کی صفوں میں آئے روز شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سریاب علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام پشتون ٹاون خلجی کالونی میں بخت محمداور خان بڑیچ کی قیادت میں 140 سیاسی و سماجی کارکنوں اور قبائلی عمائدین کی پشتونخوا میپ میں شمولیت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے پارٹی کے علاقائی سیکرٹری عبدالعلی اچکزئی، عبید اللہ توخی، مامور صاحب ودیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد کا پشتونخوا میپ میں شمولیت خوش آئند ہے اور اپنے عوام کی قومی امنگوں اور ملی ارمانوں کی تکمیل کے لیئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہر وقت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرنے ساتھ ساتھ اس کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں ہیں گزشتہ دور کے مخلوط حکومت میں پشتونخوامیپ کی کارکردگی ہمارے تمام عوام کے سامنے ہیں عوام ہمارے دور حکومت اور آج کے سلیکٹڈ حکومت کی کارکردگی کا موازنہ ہر شعبے میں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ عوام کی خدمت کو ہی اپنا فریضہ سمجھتی ہے اور اس خدمت کے بدلے عوام سے صرف اور صرف اپنے قومی سیاسی پارٹی پشتونخوامیپ کے پلیٹ فارم پر متحدومنظم ہونے کی اپیل کرتی ہے۔ اس موقع پر بخت محمد اور خان محمد بڑیچ نے کہا کہ ہم نے پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان اس لیئے کررہے ہیں اس جماعت نے بلا امتیاز حلقے کے عوام کی جو خدمت کی ہے وہ ناقابل بیان ہے، علاقے کے عوام کی اجتماع مسائل کو عوام ہی کی مرضی کے مطابق حل کرنا اور عوام کو مسائل سے نجات دلانے میں جو کردار رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے ادا کیا وہ قابل تحسین ہے ہم آج انتہائی خوش ہیں کہ ہم اپنے قومی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کررہے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں نے نئے شامل ہونیوالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی پلیٹ فارم سے اپنی جدوجہد جاری رکھے گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں