بلوچستان کے نئے قائد ایوان کی نامزدگی،پارٹی کا فیصلہ ہمیں من و عن قبول ہے، نواب زہری

کو ئٹہ ( آئی اےن پی ) چیف آف جھالاوان و سابق وزیراعلیٰ اور رکن بلوچستان اسمبلی نواب ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نئے قائد ایوان کی نامزدگی سے متعلق پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت کا فیصلہ ہمیں من و عن قبول ہے بلکہ اسے دل کی گہرائیوں سے تسلیم کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی ، صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ ، نامزد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ، اراکین اسمبلی حاجی علی مدد جتک ، میر لیاقت لہڑی ، صوبائی ترجمان سربلند خان جوگیزئی و دیگر بھی موجود تھے ۔نواب ثناءاللہ زہری کا کہنا تھا کہ ہم دل کی گہرائیوں سے میر سرفراز بگٹی کو وزیراعلیٰ بلوچستان نامزدگی پرمبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ اسی جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ صوبے کی خدمت کریں گے جس جوش و جذبے کے ساتھ انہوں نے میری کابینہ میں بطور صوبائی وزیر داخلہ خدمات انجام دیئے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ نامزد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو ہماری اور اتحادی جماعتوں کا بھر پور ساتھ حاصل رہے گا ، ہم مرکزی قیادت کے میر سرفراز بگٹی کو نئے قائد ایوان نامزدگی کے فیصلے کو من و عن قبول کرتے ہیں بلکہ اسے دل کی گہرائیوں سے تسلیم بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ روز بھی میڈیا نمائندوں کے سوال کے جواب میںکہہ دیا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت بلوچستان کے نئے قائد ایوان کے نام سے متعلق جو فیصلہ کرے گی وہ ہمیں قابل قبول ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں