پنجگور کے تاجران سمیت کاروباری حضرات کو درپیش مسائل حل کریں گے، نیشنل پارٹی

پنجگور (نامہ نگار) انجمن تاجران کمیٹی کے صدر فرید بلوچ کی قیادت میں وفد نے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماءصوبائی اسمبلی کے رکن خیر جان بلوچ اور صوبائی رہنماءحاجی آصف مجید بلوچ بھی موجود تھے۔ وفد نے پنجگور کی تاجر برادری اور کاروباری حضرات کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ رحمت صالح بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور کے تاجران سمیت کاروباری حضرات کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے، پنجگور تجارت کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل علاقہ ہے، جسے کاروبار کے حوالے سے گی ٹوے سمجھا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پنجگور کی نصف آبادی سے زائد لوگ چھوٹے موٹے کاروبار کرکے اپنا گزر بسر کرتے ہیں، اس لئے ہمیں اس چیز کا احساس ہے کہ اپنی تاجر برادری کو ہرممکن سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ نیشنل پارٹی تاجران کمیٹی سمیت تمام کاروباری حضرات کے ساتھ ہے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، ہم اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھ کر نیک نیتی سے خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں