حسن اور حسین نواز بریت کی درخواست، نیب کو تیاری و ریکارڈ کیلئے 19مارچ تک کاوقت

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز ی پانامہ ریفرنسز میں بریت کی درخواست پر قومی احتساب بیورو(نیب ) کو تیاری اور ریکارڈ جمع کروانے کیلئے 19مارچ تک کا وقت دے دیا ، جج ناصر جاوید رانا نے حسن نواز اور حسین نواز کی ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی، حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ، ملزمان کے نمائندہ رانا عرفان، نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر افضل قریشی، سہیل عارف اور عثمان مسعود عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔دوران سماعت نیب نے ریکارڈ جمع کروانے کے لیے عدالت سے وقت دینے کی استدعا کر دی جس پر اسلام ا?باد کی احتساب عدالت نے نیب کو 19 مارچ تک کا وقت دے دیا۔جج ناصر جاوید رانا نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت نمبر ایک اور 3 کا چارج میرے پاس ہے جبکہ میں احتساب عدالت نمبر 2 کا بھی ڈیوٹی جج ہوں، مجھے احتساب عدالت نمبر 2 کا بھی چارج مل گیا ہے، آج اس کا نوٹیفکیشن ہو جائے گا۔بعد ازاں عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ان کی تینوں ریفرنسز میں بریت کی درخواستوں پر سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت اسلام آباد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے تین ریفرنسز (ایون فیلڈ، العزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنس) پر اشتہاری کا اسٹیٹس ختم کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے تھے اور 50 ہزار روپے مچلکوں کی عوض ضمانت بھی منظور کردی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں