پاکستان افغانستان کی بھارت کے ساتھ تجارتی راہداری بندکرسکتا ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کی بھارت کے ساتھ تجارتی راہداری بندکرسکتا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مسلح تصادم نہیں چاہتا، طاقت آخری چارہ ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی بھارت کے ساتھ تجارتی راہداری بند کرسکتا ہے، افغانستان اپنی سرزمین پرپاکستان مخالف تخریب کاروں کو روکنے میں ناکام رہتا ہے تو راہداری بند کرسکتے ہیں۔ اگر افغانستان ہمارے ساتھ دشمن جیسا سلوک کرتا ہے تو ہم انہیں تجارتی راہداری کیوں فراہم کریں؟ خواجہ آصف نے کہا کہ پیغام بھیجنے کی ضرورت ہے کہ سرحد پار تخریب کاری بہت بڑھ چکی ہے، پاکستان کابل میں ڈی فیکٹو حکمرانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ ہم معاملات اس طرح جاری نہیں رکھ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ فروری 2023ءمیں کابل کے دورے میں افغان وزرا سے کہا تھا کہ وہ ٹی ٹی پی کے ماضی کے احسانات کی وجہ سے کابل کے ہاتھ نہ باندھیں، اگر ٹی ٹی پی نے آپ پر احسان کیا ہے اور آپ ان کے شکرگزار ہیں تو ان پر قابو رکھیں، ٹی ٹی پی کو ہمارے ساتھ جنگ شروع نہ کرنے دیں، آپ ان کے اتحادی نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے افغانستان ٹی ٹی پی کو قابو میں رکھنے کا ’واحد مطالبہ‘ پورا کرے گا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ افغانستان مستقبل میں پاکستان سے فوجی کارروائی کی ضرورت کو روکے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر وہ ہمیں نقصان پہنچا سکتے ہیں تو ہم جوابی کارروائی پر مجبور ہوجائیں گے۔ افغانستان ٹی ٹی پی کو پاکستان کےخلاف اس لیے کام کرنے دے رہا ہے تاکہ ٹی ٹی پی ارکان کو داعش میں شامل ہونے سے روکا جائے۔


