پاکستانی سمندری حدود میں داخلے پر بھارتی کشتی میری ٹائم جہاز سے ٹکرا گئی، ایک شخص جاں بحق
اسلام آباد(انتخاب نیوز)ترجمان پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے بتایا کہ پی ایم ایس اے کے جہاز کا گشت کے دوران پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں میں مصروف 8ہندوستانی کشتیوں سے آمنا سامنا ہوا۔ترجمان کا بتانا ہے کہ پکڑے جانے سے بچنے کے لیے ماہی گیر کشتیوں میں سے ایک نے اپنی رفتار بڑھا دی اور ہندوستانی سمندر کی طرف بھاگنے لگی، تعاقب کے دوران بھارتی ماہی گیروں کی کشتی پی ایم ایس اے کے جہاز سے ٹکرا گئی، نتیجے میں بھارتی ماہی گیروں کی کشتی الٹ گئی اور کشتی کا عملہ بورڈنگ ٹیم سمیت سمندر میں گر گیا۔پی ایم ایس اے کے جہاز نے ہندوستانی ماہی گیروں اور پی ایم ایس اے کے اہلکاروں کو بچانے کے لیے تیزی سے کام شروع کیا۔ اسی دوران پی ایم ایس اے کا جوان محمد ریحان جاں بحق ہوگیا جب کہ 7 میں سے 5 ہندوستانی ماہی گیروں کو بھی زندہ بچا لیا گیا، دو لاپتا بھارتی ماہی گیروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔


