ججز کے خط پر 7رکنی بینچ قبول نہیں فل کورٹ بنایا جائے،تحریک انصاف
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے ججز کے خط پر ازخود نوٹس میں 7 رکنی بینچ کی تشکیل پر اعتراض کر دیا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف رف حسن نے کہا ہے کہ ججوں کے خط کا معاملہ انتہائی اہم ہے جس پر 7رکنی بینچ قبول نہیں ہے، فل کورٹ بنایا جائے اور ازخود نوٹس کیس کی کارروائی ہر صورت میں براہِ راست نشر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے وکلا کنونشن نہ بلا کر شکوک و شبہات پر مہر ثبت کی۔ ایجنسیاں، ایگزیکٹو، چیف جسٹس عامر فاروق اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسی ججز کے خط میں جوابدہ تھے۔انکا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن بنانے سے پہلے کابینہ نے فیصلہ سنا دیا، ایک ایسے شخص کو جو نامزد ملزم ہے، اسے کہا گیا کہ وہ انکوائری کمیشن بنائے، انکوائری کمیشن سے اپنی مرضی کا فیصلہ لیا جانا تھا، کابینہ میٹنگ میں اس خط کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا گیا۔رﺅف حسن نے کہا کہ تصدق جیلانی بہت اچھے شخص ہیں، ان کے اپنے صاحبزادے نے باقی وکلا کے ہمراہ خط کے مندرجات کے مطابق کارروائی کے لیے خط لکھا، تصدق جیلانی کی کمیشن سے معذرت کے بعد ازخود نوٹس لیا گیا، مقدمے پر فوری طور پر فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دعا ہے آج جو اچھا سلسلہ شروع ہوا جاری رہے اور ملک فسطائیت سے نکلے، بانی پی ٹی آئی کی سزا معطل ہوئی ہے، ختم نہیں ہوئی۔


