ایران اسرائیل کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل 1 ڈالر اضافے سے 91 ڈالر فی بیرل کی سطح سے تجاوز کرگیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں رواں ہفتے 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نومبر 2023ءکے بعد خام تیل قیمت کی یہ بلند ترین سطح ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر اسرائیل کے میزائل حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس میں متعدد سفارتکار بھی شامل ہیں۔ ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے اپنے ردعمل میں حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی انٹیلی جنس نے شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر درجنوں ڈرون حملوں کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران اگلے ہفتے تک اسرائیل پر درجنوں ڈرون حملے کرسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں