ہماری حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم ہے، نگران دور میں بھی روپے کی قدر مستحکم رہی، اگر حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی مالیاتی جریدے بھی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بلومبرگ نے بھی کہا ہے کہ دو فیصد مہنگائی میں کمی ہوئی ہے جبکہ بلومبرگ نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مثبت اشاریئے سامنے آ رہے ہیں، حکومت بجلی چوری کے خلاف اقدامات اٹھا رہی ہے، بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے گا، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے بہترین حل سامنے لا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں