حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی، پنجگور میں بے امنی برداشت نہیں کریں گے، آل پارٹیز

پنجگور (یو این اے) پنجگور آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت وائس چیئرمین شاہ حسین آغاگل منعقد ہوا۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ اور رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما اور انجمن تاجران کمیٹی کے صدر شریک ہوئے۔ اس موقع پر اتفاق رائے سے نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما ممتاز قانون دان ایڈووکیٹ الاالدین بلوچ کو آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چئیرمین اور شاہ حسین آغا گل کو وائس چیئرمین منتخب کردیا ۔ جبکہ آل پارٹیز کمیٹی میں شامل تمام جماعتوں کے ضلعی صدر اور جنرل سیکرٹری کابینہ کے حصہ ہوں گے۔ اجلاس میں پنجگور میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس پنجگور میں امن وامان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں پنجگور کے عوام کو کسی صورت چوروں اور ڈاکوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔ اس،حوالے سے بہت جلد اعلی سطحی اجلاس طلب کریں گے۔ جس میں انتظامیہ اور پولیس کے سربراہ شریک ہوں گے۔ اجلاس سے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ، مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ، جمعیت علما اسلام کے ضلعی امیر حافظ محمد اعظم بلوچ، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے نومنتخب چیئرمین ایڈووکیٹ علاﺅالدین، وائس چیئرمین شاہ حسین آغاگل، بی این پی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میر نذیر احمد، ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قدیر احمد، جمیعت علما اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عبدالعزیز بلوچ، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی محمد ایوب دہواری، پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما میر کفایت اللہ بلوچ، ضلعی صدر ڈاکٹر صغیر احمد، حق دو تحریک کے صدر ملا فرہاد بلوچ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مفتی حافظ صفی اللہ، حافظ سراج احمد، انجمن تاجران کمیٹی کے صدر فرید بلوچ، خطیب مکران مولانا علی احمد، جمعیت علما اسلام کے مرکزی شوری کے رکن مولانا عبدالحلیم، مسلم لیگ ن مکران کے صدراشرف ساگر بلوچ نے خطاب کیا۔ پنجگور میں امن وامان کے قیام ٹیچنگ ہسپتال میں علاج ومعالجہ کی سہولیات کی فراہمی، پنجگور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، منشیات کے خاتمے سمیت دیگر امور سے متعلق تجاویز پیش کیں اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ایک دو روز میں امن وامان سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کریں گے جس،میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے۔ اجلاس میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ اس موقع پر پنجگور میں بدامنی نوجوانوں کے قتل عام اور ایس ڈی او واپڈاکے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجگور میں بدامنی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا، انتظامیہ اور پولیس اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے عوام کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنائیں بصورت دیگر پنجگور میں بدامنی اور دیگر مسائل سے متعلق اسمبلی میں تحریک التوا پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے پنجگور میں منشیات کے خاتمے اور اور شہر کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں بلاتفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ نے اپنے گفتگو میں کہا کہ پنجگور میں انٹرنیٹ کی بندش، بجلی کے مسائل اور پنجگور ائرپورٹ کی بندش کے حوالے سے وفاقی حکومت سے تفصیلی بات کی گئی ہے ان مسائل کے حل کیلئے آخری حد تک جائیں گے اگر حکومتی اداروں سے شنوائی نہیں ہوئی تو اسمبلی فورم پر آواز بلند کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں