خیبر پختونخوا شدید بارشوں کی لپیٹ میں، 32افراد جاں بحق، 41زخمی

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ڈی ایم اے کی جانب سے تیزبارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی، جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 32 افراد جاں بحق اور 41 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات سے اب تک 32 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 41 دیگر افراد زخمی ہیں۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 15 بچے 12 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 1370 مکانات کو نقصان پہنچا، جس میں 160گھروں کو مکمل جبکہ 1210 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ جانی و مالی حادثات خیبر، اپر اور لوئر دیر، چترال، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں رونما ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں