کراچی، غیر ملکی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملہ، 2مشتبہ افراد ہلاک، 2سیکورٹی گارڈ سمیت 3زخمی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تفصیلات کے مطابق حملے کے نتیجے میں 2مشتبہ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 3افراد زخمی ہوئے جن میں سے 2سیکورٹی گارڈ ہیں، ایس ایس پی ملیر طارق الہٰی نے بتایا کہ تمام غیرملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں 5 جاپانی شہری سوار تھے، حملے کے نتیجے میں تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک مشتبہ شخص نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا شخص پولیس مقابلے میں مارا گیا جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو موٹرسائیکل پر سوار خود کش بمبار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل ہیں، 2 کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں