عمران خان کا سات نکاتی خط، چیف جسٹس پر الزامات عائد کردیے
روالپنڈی (انتخاب نیوز) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات روف حسن کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اجازت سے چیف جسٹس کو سات نکاتی خط لکھا گیا ہے، جس میں گزشتہ کچھ وقت سے جو جوڈیشری کے حالات ہیں وہ بتائے گئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ کے نام خط میں خط میں سول سپریمیسی اور آئین کی بالادستی پر زور دیا۔ بانی پی ٹی آئی نے خط میں نوازشریف کی توشہ خانہ سے گاڑی کے معاملے پر نیب کے بیان بھی تحریر کیے۔ بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس پاکستان سے سول سپریمسی اور آئین پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ خط کے متن میں لکھا گیا کہ اب آپ کیلئے ثابت کرنے کا وقت ہے کہ آیا آپ حقیقی طورپر اصولوں اور اقدار پر یقین رکھتے ہیں یا یہ محض کھوکھلی بیان بازی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کے خط میں بہاونگر واقعہ، ججز کا خط اور کمشنر راولپنڈی کے معاملے کو بھی تحریر کیا گیا۔ خط میں کہا گیا کہ عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست دو ماہ سے زیر التواءہے، آپ کی اور سپریم کورٹ کی جانب سے اہم معاملات میں غیر سنجیدگی اس آئینی بحران کو بڑھا دے گی،ملک پہلے ہی غیر سنجیدہ گی کا سامنا کر رہا ہے اور اسے مزید کھائی کے قریب دھکیل دے گا۔ خط میں کہا گیا کہ چند سال قبل آپ کو سپریم جوڈیشل کونسل میں ایک ریفرنس کی صورت میں ریاست کے غضب کا سامنا کرنا پڑا تو آپ نے مختلف فورمز پر اس بات پر فصاحت و بلاغت کا اظہار کیا، آپ نے کہا کہ مرحوم والد کیسے قائداعظم کے قریبی ساتھی تھے، انہوں نے اور محمد علی جناح نے کس طرح دو تاریخی شخصیات نے ایک جیسے اصولوں اور اقدار کی حمایت کی۔ خط میں کہا گیا ک آپ نے آئین کی 50ویں سالگرہ پر پارلیمنٹ میں آئین کو ہاتھ میں تھاما اور اعلان کیا کہ یہ کتاب آپ کی رہنمائی کرتی ہے، آپ نے کہا قرآن مجید اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد آئین ہے، اب آپ نے ثابت کرنے ہے کہ یہ آئین کی بالادستی پر یقین حقیقی کے لیے ہیں یا محض کھوکھلی بیان بازی تھی۔


