ترکیہ آنیوالے مسافر بردار طیارے میں نشے میں دھت شخص کا ایئر ہوسٹس پر تشدد

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) اسکاٹ لینڈ سے ترکیہ آنے والے مسافر بردار طیارے میں نشے میں دھت ایک شخص نے ایئر ہوسٹس اور سیکورٹی اہلکار سے جھگڑا کیا اور ان کے منہ پر مکے برسائے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے شہر انطالیہ کے ایئرپورٹ پر اترنے والے طیارے میں ایک مسافر نے دوسرے مسافر کی سیٹ پر لاتیں ماریں اور منع کرنے پر ہنگامہ کھڑا دیا۔پہلے تو عملے نے مسافر کو کافی سمجھانے کی کوشش کی لیکن باز نہ آنے پر سیکورٹی اہلکاروں کو بلایا گیا۔ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے اہلکار نے مسافر کو اتارنے کی کوشش کی جس پر وہ مشتعل ہوگیا اور عملے پر حملہ کردیا۔ مشتعل مسافر نے ایئر ہوسٹس اور سیکورٹی اہلکار کو گھونسوں سے مارا۔نشے میں دھت مسافر مغلظات بکتا رہا۔ سیکورٹی اہلکار اسے پکڑ کر طیارے سے نیچے اتارنے میں کامیاب ہوگئے اور اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور ابھی یہ واضح نہیں کہ مذکورہ شخص کو ڈی پورٹ کیا گیا یا ترکیہ میں ہی کیس چلایا جائے گا۔ ایئر لائن کی جانب سے جاری بیان میں افسوسناک واقعے پر مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے ایسے واقعات آئندہ رونما نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں