بلوچستان یونیورسٹی ہراسگی سکینڈل، کمیٹی کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے، پی ایس او
کوئٹہ: پشتونخو اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جامعہ بلوچستان ہراسگی اسکینڈل کی صاف شفاف تحقیقات اور عدالت عالیہ کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے سفارشات کے مطابق اسکینڈل میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات رونما نہ ہو۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہراسگی اسکینڈل کے منظر عام پر آنے سے جامعات میں زیر تعلیم طالبات کے والدین تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں بلکہ والدین نے اپنی بچیوں کو جامعات سے نکالنے پر غور شروع کیا ہے ایسے واقعات سے نہ صرف جامعات کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں بلکہ پشتون بلوچ صوبے کی ہونہار طالبات زیور تعلیم کے حصول سے محروم ہوجاتی ہیں لہذا یونیورسٹی سینڈیکیٹ ہراسگی اسکینڈل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں بلکہ کمیٹی کے سفارشات پر مشتمل رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر یونیورسٹی سینڈیکیٹ کو کمیٹی کی سفارشات پر فیصلہ دینے میں کوئی مشکل پیش آرہی ہے تو فیصلے کی اختیار تحقیقات کے لئے بنائی گئی کمیٹی کو دیاجائے تاکہ وہ سکینڈل میں ملوث عناصر کے خلاف فیصلہ دیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ہراسگی اسکینڈل میں ملوث عناصر کو سزا نہیں دی گئی اور رپورٹ کو منظر عام پر نہیں لایا گیا تو پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن دیگر طلباء تنظیمیں کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔


