آزادی صحافت کا عالمی دن، صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے صحافیوں کو خراج تحسین پیش
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آج بروز 3مئی کو آزادی صحافت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس موقع پر وزیر اعظم اور صدر نے خصوصی بیان جاری کیا، آصف علی زرداری نے کہا کہ آزاد پریس عالمی اہمیت کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے ناگزیر ہے، موسمیاتی تبدیلی، گرین ٹیکنالوجیز کی آگاہی میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو اپنا کام کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے، صحافیوں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ بلاخوف رپورٹنگ کرسکیں۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ میڈیا قومی مفاد مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ اور درست رپورٹنگ کرے، میڈیا کو جعلی خبروں کے سدباب اور اخلاقی اقدار کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو سلام پیش کرتے ہوئے حریت فکر کے محافظوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں کوریج کے دوران جان قربان کرنے والے صحافی ہیرو ہیں، جبر سے لڑنا اور سچائی سامنے لانا ہی آزادی صحافت کے عالمی دن کا پیغام ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ آزادی اظہار جمہوریت کی بنیاد اور معاشرے میں سچائی کی پکار ہے، فریقین کو میڈیا کے لیے سازگار ماحول کے لیے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 16 ماہ کی ہماری حکومت کے اقدامات سے پاکستان کے پریس فریڈم کے عالمی انڈیکس میں 7 درجے بہتری ا?ئی، 16 ماہ کی حکومت کے دوران میڈیا کے تحفظ کے لیے قانون سازی ہوئی۔


