پاکستان کو کم نہ سمجھا جائے، مستقبل روشن ہے،سفیر مسعود خان

لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی طور کم نہیں سمجھنا چاہیے اس کا مستقبل روشن ہے ،ہم خطے کا اگلا ٹیک حب بننے کی جانب رواں دواں ہیں، پچھلے چند سالوں میں ہماری ٹیک انڈسٹری میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے، ہماری معیشت کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے اور ہم نے نہ صرف کاروباروں کو سہولت فراہم کرنے بلکہ انہیں بہت زیادہ منافع بخش بنانے کے لیے اصلاحات کا ایک جامع سلسلہ شروع کیا ہے، ہم اپنے قومی عزم ، پاکستانی تارکین وطن کی مدد اور امریکہ جیسے دوستوں کی حمایت سے معاشی طور پر کامیاب ہوں گے۔سفیر مسعود خان نے یہ باتیں امریکی کاروباری رہنماو¿ں، کاروباری شخصیات، بینکرز اور لاس اینجلس کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔صدر لاس اینجلس ایریا چیمبرز ماریہ ایس سیلیناس سے گفتگو کرتے ہوئے، سفیر مسعود خان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں تقریباً اسی امریکی کمپنیاں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں۔ ان میں زیادہ تر فارچیون 500 میں شامل ہیں۔ ان کمپنیوں میں پیپسی، کوکو کولا، جنرل الیکٹرک، ایبٹ، پراکٹر اینڈ گیمبل، ہنی ویل، اوریکل، مائیکروسوفٹ، ڈیل، کیٹر پلر، میکڈانلڈ، پیزا ہٹ، ڈومینو پیزا وغیرہ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں