لاہور میں 4مشتبہ افراد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
لاہور( این این آئی)پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث چار مشتبہ افراد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے ، گرفتار شخص فیضان بٹ کو دوران تفتیش اسلحہ اور ہینڈ گرینیڈ کی برآمدگی کیلئے کرول جنگل لے جایا گیا جہاں اس کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور میں پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں گرفتار شوٹر فیضان بٹ کو دوران تفتیش اسلحہ اور ہینڈ گرینیڈ کی برآمدگی کے لیے کرول جنگل لے جایا گیا ، ملزم فیضان کی نشاندہی پر جنگل سے دو پسٹل اور ہینڈ گرینیڈ برآمد کیے گئے، اسی دوران فیضان کے پانچ سے چھ ساتھیوں نے حملہ کردیا۔ ترجمان کے مطابق مشتبہ افراد نے سی ٹی ڈی ٹیم پر سیدھا فائرنگ کی جبکہ سی ٹی ڈی ٹیم نے بھی اپنے دفاع میں فائرنگ کی ، فیضان سمیت چار مشتبہ افراد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ تین مشتبہ افراد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے ۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق موقع سے 2کلاشنکوف اور ایک پستول قبضہ میں لے لیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فیضان کے ساتھ ہلاک ہونے والے تینوں مشتبہ افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے کرول جنگل اور اطراف میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔


