کوہلو میں متعدد سرکاری ملازمین نوکری سے برخاست، تنخواہوں سے کٹوتی ہونے لگی

کوہلو (رپورٹ: نذر بلوچ قلندرانی) ڈپٹی کمشنر کوہلو نقیب اللہ کاکڑ کا سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری، گزشتہ چند مہینوں میں اب تک ڈپٹی کمشنر کوہلو کی جانب سے محکمہ تعلیم، لیویز، محکمہ صحت اور مختلف محکموں کے کئی ملازمین نوکری سے برخاست کیے گئے ہیں جبکہ متعدد کی تنخواہوں میں کٹوتی بھی ہوئی ہے، تاہم سرکاری ملازمین کا کہنا ہے ڈپٹی کمشنر کرپٹ سرکاری افسران اور بااثر سرکاری لوگوں کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے غریب ملازمین کے تنخواہوں میں کٹوتی کر رہا ہے جبکہ متعدد غریب سرکاری ملازمین کو نوکری سے برخاست کیا گیا ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ملازمین نے مقامی صحافی کو بتایا کہ کاہان جوکہ ایک نوگو ایریا ہے وہاں اسکول، ہسپتال و دیگر سہولیات کا نام و نشان تک نہیں ہے، عوام کے محافظ ایف سی، لیویز و دیگر سکیورٹی فورسز بھی کاہان سے انخلا کر چکے ہیں اور نہ ہی ادھر کوئی سرکاری آفیسر آتا جاتا ہے پھر حیرت کی بات ہے وہاں کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کیوں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاہان میں اسکول، ہسپتال و دیگر سہولیات موجود نہیں تو وہاں کے غریب ملازمین کو دیگر جگہوں پر تبادلہ کریں تاکہ وہ اپنے ڈیوٹی سر انجام دے کر حلال کی روزی کما سکیں،، انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کا محکمہ لیویز فورس جن کے سینکڑوں بااثر اہلکار جو آفیسروں کو بھتہ دے کر آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ ہر محکمے میں اس وقت کرپٹ آفیسران بیٹھے ہیں ڈپٹی کمشنر کوہلو ان کے کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے غریب ملازمین کے تنخواہوں میں کٹوتی کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں