گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تربت میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ
تربت (نمائندہ انتخاب ) صوبائی مشیر صنعت وحرفت میر علی حسن زہری کی خصوصی ہدایت پر گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے تربت میں بھی صنعتی وکمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا سلسلہ شروع کردیاہے ، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جیڈا ) کے منیجنگ ڈائریکٹر وقاص احمد لاسی کے مطابق جیڈا نے صوبائی مشیر انڈسٹریز میر علی حسن زہری کی خصوصی دلچسپی وہدایت کی روشنی میں تربت میں سی پیک شاہراہ پر واقع 1ہزار ایکڑ اراضی پر انڈسٹریل اور کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کامقصد یہاں پر صنعتی شعبہ کو فروغ دینا ہے تاکہ سرمایہ کار یہاں پر سرمایہ کاری کرکے صنعتیں لگاسکیں جس سے روزگار کے وسیع مواقع پیداہونے سے بیروزگاری کے تدارک میں کافی مددملے گی ، انہوں نے کہاکہ صنعتوں کے قیام کے حوالے سے کیچ کی سرزمین موزوں علاقہ ہے ، سرمایہ کار ، صنعت کار اور کاروباری حضرات اس نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں ، واضح رہے کہ محکمہ صنعت وحرفت کی جانب سے سی پیک شاہراہ پر میڈیکل کالج کے قریب کلگ کے علاقہ میں ایک ہزار ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے جسے جیڈا کی جانب سے صنعت کاروں اور کاروباری لوگوں میں الاٹ کیاجارہاہے جن میں انڈسٹریل پلاٹس ، کمرشل پلاٹس، وئیر ہائوسز وغیرہ شامل ہیں جہاں کجھور کارخانے، برف کارخانے ، پٹرول پمپ ، ایگرو بیس انڈسٹری، فلور ملز ودیگر کارخانے لگائے جاسکتے ہیں ، خواہشمند افراد جیڈا آفس گوادر سے رابطہ کرکے فارم اورمعلومات وغیرہ حاصل کرسکتے ہیں۔


