سیکورٹی فورسز کی پختونخوا میں 3مختلف کارروائیاں، 23مشتبہ افراد ہلاک
راولپنڈی(پ ر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی 3مختلف کارروائیوں میں 23مشتبہ افراد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 5سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے، آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ جاں بحق افراد میں نائک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکار ، سپاہی تیمور ملک، سپاہی نادر صغیر، محمد یاسین جاں بحق ہوئے ۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ مشتبہ افراد کے قبضے سے بری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جبکہ متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔ 26مئی کو خفیہ اطلاعات پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا گیا جہاں 6مشتبہ افراد ہلاک کیے گئے جبکہ 27مئی کو ڈسٹرکٹ ٹانک میں دوران آپریشن 10مشتبہ افراد مارے گئے، علاوہ ازیں دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقے باغ میں 7مشتبہ افراد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک مشتبہ افراد سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔


