بلوچستان میں بیروزگاری 65 سے بڑھ کر 83 فیصد تک ہو گئی ہے ، بی وی ڈی اے
کوئٹہ(پ ر)بلوچستان ویٹرنری ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کابینہ کے مشترکہ بیان میں کہا کہ بلوچستان میں اس وقت بیروزگاری عروج پر ہے ۔اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریا ہاتھ میں لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ترجمان نے گزشتہ روز ویٹرنری ڈاکٹرز کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے سامنے ڈگریا نذر آتش کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں ویٹرنری ڈاکٹرز کی تعداد 1600 سے تجاوز کر گئی اور انہیں پچھلے 5 سال سے ایک بھی اسامی نہ دینا حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ہمارے غریب والدین نے ہمیں یہ ڈگری دلاتے اپنی جوانی تک قربان کی لیکن آج حکومت ہم سے روزگار چھین رہی ہے جو کہ ان والدین کیساتھ سخت ظلم و جبر کے مترادف ہے ۔ ترجمان نے منسٹر لائیوسٹاک بخت کاکڑ صاحب ، منسٹر فائنانس شعیب نوشیروانی و وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے درخواست کی کہ آنے والے بجٹ میں ڈاکٹرز کیلئے اسامیاں پیدا کی جائے تاکہ بیروزگاری کا خاتمہ ہوسکے۔


