امید ہے بجٹ میں ایم کیو ایم کی تجاویز پر عمل ہوگا، گورنر سندھ
کراچی (انتخاب نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ امید ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کی تجاویز پر عمل ہوگا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماﺅں سے گورنر ہاﺅس کراچی میں ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سینئر قیادت کو گورنر ہاﺅس میں خوش آمدید کہتا ہوں، ملاقات کا مقصد ایم کیوایم کے اراکین سے بجٹ تجاویز لینا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی مسائل خصوصاً کراچی سے متعلق بات ہوئی، ایم کیوایم ارکان اسمبلی نے بجٹ سے متعلق تجاویز تیار کی ہیں، لوڈشیڈنگ کے تدارک اور گیس کے مسائل پر بھی بات ہوئی ہے۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی معاشی حب ہے اور اس کی آبادی 3کروڑ سے زائد ہے، شہر قائد کا 80فیصد، حیدرآباد کا 100فیصد مینڈیٹ ایم کیوایم کے پاس ہے، کراچی کے80فیصد مسائل کا حل ایم کیوایم کی سفارشات میں ہے۔


