ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، امریکا نے کینیڈا، ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گینی کو شکست دیدی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے روز دو میچ کھیلے گئے، پہلے میچ میں امریکا نے کینیڈا، دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گینی کو شکست دیدی۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ڈیلس میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کینیڈا نے امریکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 194 رنز اسکور کیے، نوونیت دھالیوال نے 61 رنزکی بہترین اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ نکولس کرٹن نے 51، ارون جانسن نے 23، دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جبکہ شریاس مووا 32 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ امریکا کی جانب سے علی خان، ہرمیت سنگھ اور کورے اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ علاوہ ازیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا دوسرا میچ امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس میں گروپ سی کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ ایونٹ کی شریک میزبان ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاپوا نیو گنی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ پر 136 رنز بنائے۔ 137 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز نے 5 وکٹ کے نقصان پر 19 اوور میں حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ نے 34 اور نیکولس پوران نے 27 رنز بنائے، روسٹن چیس 42 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔