ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈ نگ کا فیصلہ

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا ٹاس بارش کی وجہ سے آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کا سب سے اہم میچ آج نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجے ہوگا۔نیو یارک اسٹیڈیم میں پاک بھارت شائقین کا جوش و خروش بھی عروج پر ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا سے شکست ہوئی تھی، پاکستانی پلیئرز کے پاس کھویا ہوا وقار واپس پانے کا آخری موقع ہے۔پاکستان ٹیم نے اگر بھارت کو ہرا دیا تو شائقین بھی تمام غلطیاں معاف کر دیں گے، البتہ شکست کی صورت میں نہ صرف ان کے عتاب کا شکار ہونا پڑے گا بلکہ ورلڈکپ میں سفر بھی تقریباً ختم ہی ہو جائے گا، اس دباؤ کو سر پر سوار کیے ٹیم روایتی حریف کیخلاف میچ میں حصہ لے گی۔ایک خوشخبری عماد وسیم کا فٹ ہونا ہے، انھوں نے بھرپور پریکٹس شروع کر دی اور میدان میں اترنے کیلیے تیار ہیں،ان کیلیے اعظم خان جگہ خالی کریں گے، بیٹنگ میں محمد رضوان اور بابر اعظم کی جوڑی سے ٹیم ماضی جیسی یادگار اوپننگ شراکت کی آس لگائے بیٹھی ہے، عثمان خان کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان ہے، فخر زمان غیر روایتی شاٹس کھیلنے کی کوشش میں اپنے روایتی اسٹروکس بھی نہیں کھیل پا رہے، شاداب خان نے امریکا کیخلاف بہتر بیٹنگ کی، عماد وسیم کی واپسی سے بھی بیٹنگ میں پاکستان کے پاس آپشنز بڑھ جائیں گے۔اختتامی اوورز میں شاہین آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ ٹیم کے کام آ سکتی ہے،بھارت کی بولنگ بھی خاصی بہتر ہے، جسپریت بمرا، پانڈیا، ارشدیپ اور سراج کے ساتھ اسپنرز اکثر پٹیل اور جڈیجا بھی موجود ہیں۔مضبوط بھارتی بیٹنگ کو قابو کرنے کیلیے پاکستانی بولرز کو خوب جان لڑانا ہوگی، ویراٹ کوہلی روایتی طور پر پاکستان کیخلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہیں، روہت شرما ، سوریا کمار یادو اور ریشابھ پنت بھی جارحانہ بیٹنگ سے بولرز کو دباؤ کا شکار کرنے کے اہل ہیں، کئی آل راؤنڈرز بھی موقع ملنے پر حریف بولرز کی درگت بنا دیتے ہیں، ٹیم نے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو باآسانی8 وکٹ سے شکست دی تھی۔روایتی حریفوں کے میچ کیلیے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شائقین میں خاصا جوش وخروش پایا جاتا ہے، بیشتر ٹکٹس ہاتھوں ہاتھ بک گئے تھے، اب بلیک میں ہزاروں ڈالرز میں فروخت جاری ہے، صرف چند مہنگے ترین ٹکٹس ہی چند روز قبل تک دستیاب تھے۔نساؤ اسٹیڈیم کی ڈراپ ان پچ غیر متوازن باؤنس کی وجہ سے کئی روز سے زیرتنقید ہے، البتہ آئی سی سی نے شکایات ملنے کے باوجود وینیو کی تبدیلی سے انکار کر دیا تھا، بظاہر بہت بڑا اسکور بننے کا امکان کم ہی نظر آتا ہے،اسٹیڈیم کا تمام تر اسٹرکچر عارضی ہے، کنٹینرز کا کئی جگہ استعمال ہوا، ایونٹ کے بعد سیٹ اپ ہٹا دیا جائے گا۔نیویارک میں آج بارش کی بھی پیشگوئی ہے لیکن ایسے بھی حالات نہیں لگتے کہ میچ ہی نہ ہو سکے، دھمکیاں ملنے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کی جا چکی، میچ کے دوران امریکا میں مقیم پاکستانی اور بھارتی تارکین وطن اپنی ٹیموں کو گھر جیسا ماحول ہی فراہم کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں