شیخ رشید کا آرمی چیف سے عام معافی کے اعلان کا مطالبہ

اسلام آباد (صباح نیوز)سابق وزیرداخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے عام معافی کے اعلان کا مطالبہ کردیا اور کہا لوگ ان کیسز کی شکل میں مرگئے ہیں، سب بے گناہوں کو عام معافی ملنی چاہیے، موجودہ حکومت کی حیثیت گنگو تیلی سے زیادہ نہیں ہے۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سیاست نہیں ہوسکتی کیونکہ فارم 45اور 47کی لڑائی گڑھے میں لے کر جائے گی، معیشت کی تباہی گڑھے میں لے کر جائے گی، عالیہ اور صنم جاوید کو روز جیلیں پھرائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی سے اپیل کرتا ہوں ،بے گناہ لوگوں کو عام معافی دیں، یہ کہنے کو کیس ہوتا ہے، شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اس عید پر بے گناہ لوگوں کو رہائی ملنی چاہیے، حکومت کو نوٹس لینا چاہیے، جب تک بے گناہ جیلوں سے نہیں نکالے جائیں گے عزت کے خواہش مندوں کو عزت نہیں ملے گی۔جب آدمی صبح کورٹ آکر شام کو گھر جاتا ہے تو لگ پتہ جاتا ہے، موجودہ حکومت کی حیثیت گنگو تیلی سے زیادہ نہیں ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ساری آئی ایل ایف کو سلام پیش کرتا ہوں، باقی لوگ کمپنی کی مشہوری کررہے ہیں، منی لانڈرنگ کے پیسوں سے پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد ہوا، بینظیر شہید بہتر تھی جس نے پہلے مہینے ہی ہمیں 7 سال قید دے دی تھی، یحیی خان کا کورٹ مارشل اچھا تھا، جس نے ایک سال قید اور 20 کوڑے لگا دئیے تھے، انہوں نے کہا کہ500آدمیوں کو جھوٹے کیسز میں اڈیالہ جیل میں رکھا ہوا ہے، پی ٹی آئی کے ورکرز کے پاس دو ہزار روپے دینے کو نہیں ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اب میری طرح سائیڈ پر ہی رہیں، وہ دن گئے جب خلیل خان فاختہ اڑایا کرتے تھے، 2 مہینے سیاسی طور پر اہم ہیں، فیصلے کرنا ہوں گے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ میں نے سیاست سے کنارہ نہیں کیا، 2 مہینے تک سائیڈ پر ہوں، حکومت کو یو اے ای، سعودی عرب اور چین سے پیسے نہیں ملے۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ 2 ماہ میں چور لٹیروں کی سیاست کا فیصلہ ہو گا، اس بار عید کے بعد قربانی ہو گی، کھال سمیت ہو گی، قصائی کا انتظام ہے۔ پاک بھارت میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ آج افسوس کا دن ہے ،ہم نے ہارنا ہی تھا، یہ خواجہ سراؤں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے تو وہاں بھی ہارتے ، پاکستان میں لوگوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں