حب میں قیامت خیز گرمی، 2 افراد جاں بحق

حب(نمائندہ انتخاب ) شہر قائد کراچی اور بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں قیامت خیز جان لیوا گرمی کی لہر برقرار ،گزشتہ روز حب شہر اور کراچی میں درجہ 42سینٹی گریڈ جبکہ شدت 50 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی گئی ،شدید گرمی کے سبب حب ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر قلات اے ٹی ایف اہلکار جنید قمبرانی ڈوب کر جاں بحق ہو گیا،قبل ازیں دریجی میں گرمی کی شدت کی تاب نہ لاکر نوشکی سے تعلق رکھنے والا بلوچستان کانسٹیبلری کا اہلکار جان کی بازی ہار گیا ۔حب شہر اور اسکے مضافات میں کئی افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ،حب میں شدید گرمی کی لہر نے شہریوں کو نڈھال کردیا برف کی دکانوں میں گاہکوں کا رش بڑھ گیا اور ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ گئی جبکہ قیامت خیز گرمی کے اثرات سے شہریوں کی ایک بڑی تعداد جسم میں پانی کی کمی کے سبب بخار اور سردرد میں مبتلا ہو گئے دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر قائد کراچی اور حب شہر اور مضافات میں گرمی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی ہے اور درجہ حرات 45اور گرمی کی شدت 52ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کرنے کی امکان ظاہر کردی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں