حب ندی میں اے ٹی ایف اہلکار ڈوب گیا، ٹینکر کی ٹکر سے 9 سالہ لڑکا جاں بحق

حب (نمائندہ انتخاب) دریجی معرکہ پر قلات سے ڈیوٹی پر طلب کیا گیا اینٹی ٹیررسٹ فورس (ATF) اہلکار گرمی کی شدت کے سبب حب ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔ دریجی معرکہ کے لئے ڈیوٹی سرانجام دینے والے جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 8 ہوگئی۔ 6 اہلکار عیدالاضحی کی شب اوتھل کے قریب SP لسبیلہ کی اسکواڈ وین کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ قبل ازیں دریجی میں گرمی کی شدت کی تاب نہ لاکر نوشکی سے تعلق رکھنے والا بلوچستان کانسٹیبلری کا جوان جبکہ گزشتہ روز قلات ATFکا جنید قمبرانی جان کی بازی ہار گیا۔ اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ دریجی مائن لیز اراضی تنازعہ پر آئی جی پولیس کے احکامات پر عیدالاضحی کے ایام میں ہنگامی ڈیوٹی پر طلب کیے گئے قلات ATF اہلکار جنید قمبرانی گرمی کی شدت کی وجہ سے حب ندی میں نہا رہا تھا کہ گہرے پانی میں جانے کے سبب ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جبکہ قبل ازیں عیدالاضحی سے قبل دریجی میں دوران ڈیوٹی بلوچستان کانسٹیبلیری کا جوان خیر محمد علاقے میں گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے چل بسا تھا۔ مزید برآں عیدالاضحی کی شب SP لسبیلہ کے حفاظتی دستے میں شامل جوان SP لسبیلہ کو حب بعد ازاں کراچی روانہ کرنے کے بعد واپس اوتھل جارہے تھے کہ اوتھل کے قریب پولیس اسکواڈ وین حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں 5 جوان موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ ایک جوان محمد علی رونجہ چند روز بعد کراچی اسپتال میں چل بسا، اس طرح سے دریجی معرکے پر طلب کیے گئے دوران ڈیوٹی لسبیلہ نوشکی اور قلات کے 8جوان جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں حب میںتیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 9 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ لاش حب اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ بدھ کے روز ساکران روڈ شیخ ڈیری ملک شاپ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے سڑک عبور کرنے والا 9 سالہ صابر ولد عبدالحمید موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ لاش ایدھی ایمبولینس سروس کے ذریعے جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال منتقل کرنے اور ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی، متوفی حب کے گلشن امیر آباد کا رہائشی تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں