پنجگور میں عالمی یوم انسداد منشیات کی مناسبت سے سیمینار اور واک

پنجگور (نامہ نگار) 26 جون عالمی یوم انسداد منشیات کے دن کی مناسبت سے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشین کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول وشبود میں سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں اسکول کے اساتذہ کرام طلبا سول سوسائٹی اور لوکل باڈیز کے نمائندوں نے شرکت کی، واک کے شرکا نے وشبود کی سڑکوں پر گشت کیا، شرکا کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر منشیات کیخلاف نعرے درج تھے۔ واک کی قیادت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پنجگور محمد جان بلوچ اور ای ٹی او ایکسائز یاسر رئیس نے کی جبکہ اعزازی مہمانوں میں ڈی او ای محمد شفیع ایس ایچ او وشبود پولیس تھانہ ظہیر احمد تھے، میزبانی کے فرائض ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول وشبود محمد عالم بلوچ نے سر انجام دیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار اور واک کے شرکا سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد جان بلوچ ای ٹی او ایکسائز یاسر رئیس، سفیر احمد محمد عالم اور اسکول کے طلبا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ایک ایسا زہر ہے جو نہ صرف انسان کو جسمانی طور پر متاثر کرتا ہے بلکہ ذہنی اور اخلاقی سطح پر بھی انسان کو تباہ کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے انکار بہتر مستقبل کا ضامن ہے، بحیثیت ذمہ دار شہری کے ہم سب کا قومی اور اخلاقی فرض بنتا ہے کہ ہم اس ناسور کیخلاف نہ صرف شعور وآگاہی کو عام کریں بلکہ اپنے معاشرے کو ایجوکیشن کی طرف راغب کریں تاکہ تعلیم عام ہوسکے اور شہری معاشرتی برائیوں کا ادراک رکھ سکیں۔ مقررین نے کہا کہ عالمی یوم انسداد منشیات کے موقعے پر پنجگور میں واک اور سیمینار آگے بڑھنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا نوجوان اپنے آس وپاس میں نظر رکھیں اور معاشرے کو سدھارنے خصوصا منشیات کے خلاف متحرک کردار ادا کریں۔ سیمینار کے شرکا نے ای ٹی او ایکسائز یاسر رئیس بلوچ اور ایکسائز فورس پنجگور کے آفیسران اور اسٹاف کے کردار کو سراہا مہمان خاص اور دیگر نے تقریری مقابلوں میں پوزیشن لینے والے طلبا میں انعامات تقسیم کیے اور شرکا کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیاگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں