حکومت میں روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری کیلئے کوشاں ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے نئے سال 2024/25 کے حوالے سے کہا کہ اس وقت ملک اور خطے میں موجود مشکل معاشی اور سیاسی صورتحال کے باوجود حکومت بلوچستان نے سال کیلئے متوازن بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی ہے جس میں نیا ٹیکس نہ لگانا خوش آئند عمل ہے، تمام تر معاشی مشکلات کے باوجود بجٹ دستاویزات سے یہ بات واضح ہے کہ حکومت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، صوبے میں سرمایہ کاری لانے اور عام آدمی کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، توقع ہے کہ وفاق کی جانب سے تعاون اور بلوچستان کے واجبات اور ضروری ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے صورتحال مزید بہتر ہوگی اور نئے سال 2024/25 پر کامیابی سے عملدرآمد کیا جاسکے گا، گورنر بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے بجٹ میں مختص کیے گئے پیسے پوری طرح استعمال نہیں کیے جارہے اور ہر سال ایک بڑی رقم لیپس ہوجاتی ہے، اس مرتبہ اس بات کی سنجیدہ کوشش کرنی چاہیے کہ مالی سال کے اختتام سے پہلے تمام مختص فنڈز پوری طرح بروئے کار لائے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر زیادہ سے زیادہ کام ہوسکے، صوبائی بجٹ کے تمام ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے زیادہ سے زیادہ ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں، ترقیاتی منصوبوں میں جو عدم توازن بظاہر نظر آرہا ہے اس کو درست کیا جائے، تمام پالیسیوں اور منصوبوں کا بنیادی مقصد مفاد خلق ہی ہے، لہٰذا مفاد خلق کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی ترقیاتی منصوبے اور اقدامات کو حتمی شکل دی جائیں تاکہ تعمیر و ترقی کی نئی راہیں متعین ہوسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں