پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا 5 جولائی سے پمپس بند کرنیکا اعلان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مذاکرات ناکام، پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کا پمپس بند کرنے کا اعلان۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسویسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے، پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ 5 جولائی کی صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کردیں گے۔ ہڑتال علامتی طور پر کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور چیئرمین اوگرا مسرور خان سے ملاقات ہوئی۔ جس میں ہم نے اعتراض اٹھایا کہ ہمیں دہرا ٹیکس ہرگز قابل قبول نہیں۔ عبدالسمیع خان نے کہا کہ ملاقات بے نتیجہ رہی ہے جسکی وجہ سے احتجاجاً پمپس بند کریں گے۔ ڈبل ٹیکسیشن کو کسی صورت نہیں مانتے۔ ڈیلرز کو کہا ہے کہ چار جولائی تک کا پیٹرول پمپس پر رکھیں۔ چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ کل رات سے ملک بھر کے پمپس ڈرائی ہونا شروع ہوجائیں گے۔ جب تک حکومت اعشاریہ 5 فیصد ٹیکس کا فیصلہ واپس نہیں لیتی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں پیڑول بھروا لیں۔ گزشتہ روز پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے اعلان کیا تھا کہ 5 جولائی کو پیٹرول پمپ بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ خسارے میں پیٹرول پمپ نہیں چلا سکتے اور دنیا میں ایسا کوئی طریقہ نہیں کہ نقصان میں پمپس چلائے جائیں، ہمیں دہرا ٹیکس ہرگز قابل قبول نہیں۔ عبدالسمیع خان نے خبردار کیا کہ اگر یہ ٹیکس لگایا گیا تو ہم پیٹرول پمپ بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے اور اگر ہمارا کاروبار متاثر ہوا تو ہم سخت اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایرانی تیل ملک میں اسمگل کیا جارہا ہے اور ہماری آواز نہیں سنی جا رہی ہے۔ ہم نے سب سے رابطہ کیا لیکن ہمیں کوئی موثر جواب نہیں ملا۔ چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں ایران سے معاہدہ کرلیا جائے اور ایرانی تیل پر ٹیکس لگائیں، اسمگلنگ کو روکنے کے لئے ایرانی تیل پر ٹیکس عائد کرنا چاہیے، اسمگلنگ روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں