تربت ،بجلی بحران کیخلاف آل پارٹیز کی احتجاجی ریلی و دھرنا
تربت(نمائندہ انتخاب)مکران ڈویژن میں بجلی بحران کے خلاف تربت میں آل پارٹیز کی کامیاب ریلی و دھرنا، ضلعی انتظامیہ اور کیسکو نے مطالبات مان لیے۔ احتجاج کی حمایت انجمن تاجران، بی ایس او کے مختلف دھڑے، تربت سول سوسائٹی اور پیرمیڈیکس نے کی۔آل پارٹیز کیچ کی اپیل پر تربت شہر میں کیسکو کی عوام دشمن رویہ کے خلاف جمعرات کو جزوی شٹرڈاؤن ہڑتال کے ساتھ ایک بہت بڑی ریلی نکالی گئی اور ڈپٹی کمشنر کیچ کی آفس کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ تاجر برادری نے بھی آل پارٹیز کی کال پر احتجاجاً دکانیں بند کیں اور احتجاج میں شامل ہوگئے۔آل پارٹیز کیچ کی جانب سے شہید فدا چوک سے ریلی کا آغاز کیا گیا اور تربت سٹی کے مختلف شاہراہوں پر گشت کرکے کیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ ریلی کے شرکا نے ڈی سی آفس تک مارچ کی اور وہاں دھرنا دے کر احتجاج کیا۔ ریلی کی قیادت آل پارٹیز کیچ کے کنوینر نواب شمبیزئی، ڈپٹی کنوینر کامریڈ ظریف زدگ نے کی جب کہ نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر یونس جاوید، بی این پی کے رہنما خان محمدجان، حاجی عبدالعزیز بلوچ، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے رہنما مولانا حق نواز بلوچ، یلان زامرانی، جے یو آئی کے رہنماؤں مولانا عبدالحفیظ مینگل، مولانا جاوید نعمانی، عبدالحکیم، کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر رستم جان گچکی، جماعت اسلامی کے غلام اعظم، انجمن تاجران کے رہنماؤں نثار احمد جوسکی، حاجی فدا شیر جوسکی، فرحان شیر، بی این پی کے میران حیات، بی ایس او پجارکے ضلعی صدر یاسر بیبگر، بی ایس او کے آرگنائزر کرم خان، پاکستان پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے ظریف علی خان سمیت دیگر نے بھی ریلی میں شرکت کی۔مظاہرین نے ڈی سی آفس تربت کے سامنے شدید گرمی میں دھرنا دیا اور کیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی، آل پارٹیز کیچ نے مطالبہ کیاکہ ایران کے جانب بجلی بند کرنے کا بہانہ جھوٹ کا پلندہ ہے کیسکو جان بوجھ کر لوگوں کو ازیت دے رہی ہے اور مختلف حیلوں بہانوں سے شدید گرمی میں عوام کو تڑپا رہی ہے مکران میں سوچے سمجھے سازش کے تحت عوام کو بجلی وپانی جیسی بنیادی ضرورتوں میں الجھا رہی ہے جو ہمیں قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران سے مکران ڈویژن کو 2 سو میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے اس لیے یہاں بجلی کا کوئی بحران نہیں ہے یہ بحران کیسکو کا پیداکردہ مصنوعی ہے کبھی لوڈ شیڈنگ تو. کبھی وولٹیج کی کمی اور اب دو دو دن ایران کے بہانے بجلی بند کی جاتی ہے اس سے محسوس ہوتا ہے کہ محکمہ کیسکو اور حکومت مکران کے لوگوں کو انسان نہیں سمجھتے ہیں۔ ایسی زیادتیوں کو. سہہ سہہ کر عوام کے صبر کاپیمانہ لبریز ہو چکا ہے عوام اب سڑکوں پر اپنے حقوق کے لیے مزاحمت کرے گی۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ جب مکران ڈویژن کو نیشنل گریڈ سے منسلک کیا گیا ہے تو ہمیں ایران کی بجلی بند کرکے نیشنل گریڈ سے بجلی فراہم کی جائے اگر ایران بجلی بند کرتاہے تو تحریری طوپر لکھ کر دیتا ہوگا اب اگر کیسکو ایران کے بہانے بجلی بند کرے گی تو اس تحریر کو بھی منظر عام پر لائے تاکہ عوام کو تسلی ہوسکے۔مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ بجلی وولٹیج کی کمی کو دور کی جائے ضرورت کے مطابق مزید فیڈر بنائے جائیں، بعض فیڈرز میں اٹھارہ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کا خاتمہ کیا جائے، کیچ میں واپڈا ورکشاپ قائم کرکے مزید ٹرانسفارمر دیئے جائیں۔اس موقع پر ڈی سی کیچ اسماعیل ابراہیم نے کیسکو کے ایکسئن سیف اللہ بادینی کی موجودگی میں مظاہرین کے ساتھ مزاکرات کرکے ان کے مطالبات منظور کیے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جو مسائل نچلی سطح پرہیں وہ پورا کیے جائیں گے اور ان پر جلد عملدرآمد ہوگا جبکہ بعض مطالبات کا تعلق وفاقی حکومت اور اداروں سے ہے انہیں بھی حل کرنے کی کوشش کی جائےگی۔


