کراچی میں بگٹی قبائل کے دو گروہوں میں تصادم، فریقین کے 12 افراد گرفتار
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں بگٹی قبیلے کے دو گروپوں میں تصادم میں زخمی اور مارے گئے افراد آپس میں کزن ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کے نتیجے میں پیش آیا، فائرنگ کے واقعے میں ہلاک اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے۔ ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث دونوں گروپوں کا تعلق نواب اکبر بگٹی کے خاندان سے تھا، فہد بگٹی نواب اکبر بگٹی کے بھتیجے جبکہ علی حیدر بگٹی ان کے بھانجے ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی سے واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتا، قانون کی رٹ کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب سے پولیس کی جانب سے واقعے کے حوالے سے بگٹی قبائل کے دونوں گروپوں کے 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اسپتال میں مرنے اور زخمی ہونیوالوں کے لواحقین موجود ہیں۔ کسی بھی تصادم کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی بھی بھاری نفری اسپتال میں موجود ہے۔


