کراچی سمیت بلوچستان میں مرکزی شاہراہوں کی بندش، مسافروں کو شدید مشکلات
کراچی، بیلہ، اوتھل، وندر، حب (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سمیت حب، اوتھل، بیلہ، وندر کے مختلف علاقوں میں کوئٹہ کراچی شاہراہ بلاک کرنے کے واقعات شاہراہ پر ٹریفک معطل کراچی، یوسف گوٹھ کے مقام پر گوادر جلسہ میں جانیوالی خواتین کا احتجاج۔ گزشتہ دو روز سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک کی روانی کو معطل کرنے کے مختلف اوقات میں شاہراہ کو بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ہفتہ کے روز کراچی کے علاقہ مواچھ گوٹھ کے قریب یوسف گوٹھ انٹرسٹی بس ٹرمینل کے مقام پر گوادر جلسہ کیلئے جانیوالی خواتین نے حب ریور روڈ پر رکاوٹوں کے خلاف احتجاج کیا جبکہ حب کے قریب بھوانی سمیت وندر کے قریب کھر کھیڑہ، اوتھل زیرو پوائنٹ اور بیلہ کراس سمیت نہڑ جام یوسف آباد کے مقامات پر بھی گزشتہ رات سے مختلف اوقات میں ہفتہ کی رات تک شاہراہ کو بلاک کر نے کے واقعات ہو تے رہے جسکی وجہ سے مرکزی شاہراہ N25 پر ٹریفک معطل ہے اور اندرون بلوچستان سے کراچی اور کراچی سے اندرون بلوچستان جانیوالی مسافر اور مال بردار گاڑیوں سمیت چھوٹی پرائیویٹ گاڑیوں میں سفر کرنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، متاثرہ علاقوں سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ٹریفک جام میں پھنسنے والے افراد میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت عمر رسیدہ افراد شامل ہیں جبکہ دوسری جانب مریضوں کو اسپتالوں تک پہنچانے والی کئی ایمبولینس گاڑیاں بھی پھنسی ہوئی ہیں جسکی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ روڈ بلاک واقعات میں کئی ایسے علاقے بھی شامل ہیں جو کہ ویران ہونے کی وجہ سے وہاں پر کھانے پینے کی اشیا اور پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہے، اطلاعات کے مطابق روڈ بلاک میں پھنسے اکثریت لوگوں نے دوسری طرف پہنچنے کیلئے پیدل چل کر منزل مقصود کی طرف چلناشروع کردیا۔


