ادارے نیوٹرل ہو جائیں، لوگ سمجھتے ہیں حکومت کو لانے والے آپ ہیں، گنڈاپور

پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہو جائیں، لوگ سمجھ رہے ہیں کہ حکومت کو لانیوالے آپ ہیں۔پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں تبدیلی اور اصلاح کا عمل اپنے آپ سے شروع کرنا چاہیے، اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو معاملات کو جلد کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں ہمارے اپنے بھائی ہیں، ہمارا ایک کلچر ہے کہ پیار سے مانگنے پر جان بھی دینے کو تیار ہو جاتے ہیں اور اگر ضد پر آجائیں تو پھر ٹھیک چیز کو بھی ماننے سے انکار کردیتے ہیں، پولیس حکام عوام سے اچھا رویہ برتیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غریب طبقے کے معاشی مسائل بہت زیادہ ہیں، میری خاص طور پر ٹریفک پولیس سے درخواست ہوگی کہ غریب کا چالان نہ کریں، امیر کا زیادہ چالان کریں تاکہ غریب کا چالان ہی نہ کرنا پڑے۔ تخریب کاری کے خلاف پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس کی ضروریات پوری کریں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تخریب کاری بہت اضلاع سے نکل کر محدود ہوگئی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہو جائیں، لوگ سمجھ رہے ہیں حکومت کو لانیوالے آپ ہیں۔علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت پر طنز کیا کہ یہ لوگ جس چیز میں ہاتھ ڈالتے ہیں، وہ تباہ ہوجاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں