دھرنے دینے کا فیصلہ آج ہوگا، ارکان کی گرفتاریوں پر سپریم کورٹ نوٹس لے، عمر ایوب
اسلام آباد (آئی این پی ) پی ٹی آئی نے اپنے ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں کے خلاف سپریم کورٹ سے سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد ہمارے 45 ایم این ایز پر وفاداری تبدیل کرنے کے لیے دبا ڈالا جارہا ہے، پانچ اگست کو پورے ملک میں جلسے اور مظاہرے کریں گے۔ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے اسلام آباد میں دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عمر ایوب نے کہا ہے کہ یہ لوگ ملک کو جس راستے پر لے جارہے ہیں، اس سے صرف تباہی ہوگی، خدارا پاکستان کو تباہی سے بچائیں، ملک میں نئے انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ نہیں پتہ ہوتا ہمارے لوگوں کو کہاں غائب کیا جاتا ہے، اچھا سلوک نہیں کیا جارہا، پارلیمنٹ کی کیا اہمیت رہ گئی ہے، شیخ اکرم کی والدہ پربھی مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جو کررہی ہے وہ غیرآئینی اور غیرقانونی ہے، نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز تحریک انصاف اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک کے لئے نقصان دہ ہوگا، حکومت ہوش کے ناخن لے، ملک میں نئے انتخابات ہی مسائل کا واحد حل ہے۔ ان لوگوں کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، آج (پیر کو) ہم پارٹی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ایم این ایز پر دباﺅ ڈالنے اور حکومت کے کریک ڈاﺅن کی مذمت کرتے ہیں۔


