بجلی مہنگی ہونے سے پاکستان میں 100 صنعتیں اور ملیں بند ہوچکی ہیں، گوہر اعجاز
لاہور( این این آئی) سابق نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز کا معاملہ اٹھانے پر سارے دوست ناراض ہو رہے ہیں ، مجھے کہا گیا آپ اس معاملے کو کیوں اٹھا رہے ہیں،ہمارے کاروبار سے آپ کو کیا اعتراض ہے جس پر میں نے انہیں کہا ہے کہ اب قوم کی بس ہو گئی ہے ، دوستوں کو کہہ رہا ہوں ٹیبل پر بیٹھیں ، بجلی انتہائی مہنگی ہونے کی وجہ سے میںنے اپنی تین صنعتیں بند کر دی ہیں،تیس جون تک 100صنعتیں یا ملیں بند ہو گئی ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت ٹیرف کم کرے تو لو گ کیوں سولر لگوائیں گے ،حکومت تمام اخراجات اور منافع نکال کر ٹیرف پچیس سے چھبیس روپے یونٹ کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم تین مہینے سے انتظار کر رہے تھے کہ بجلی نو سینٹ ہو جائے کیونکہ صنعتیں پندرہ سے سولہ سینٹ پر نہیں چل سکتیں ، صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں۔


