جیکب آباد، پولیس کے ناروا سلوک کیخلاف ٹرانسپورٹرز نے مرکزی شاہراہ پر دھرنا دیدیا

جیکب آباد ( آئی این پی ) جیکب آباد میں ٹرانسپورٹرز کا پولیس کی زیادتیوں کے خلاف قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا اور پولیس کے خلاف نعریبازی کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ٹرانسپورٹ یونین کی جانب سے ائیرپورٹ تھانہ کے ایس ایچ او عبدالمجید سدھایو کی ذیادتیوں کے خلاف یونین کے صدر اسرار جکھرانی کی قیادت میں سندھ بلوچستان کو ملانے والی قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے دیکر قومی شاہراہ کو بلاک کردیا گیا مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعریبازی کی، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ تھانہ کی پولیس گاڑیوں کی چیکنگ کے بہانے مسافروں کو بلاجواز تنگ کررہی ہے اور ائیرپورٹ تھانہ کے ایس ایچ او بلوچستان سے آنے والے لوگوں کو ہراساں کرکے رشوت طلب کررہا ہے پولیس کے ایسے رویے سے شہر کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے اور لوگ خوفزدہ ہوکر سفر سے گریز کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ملحقہ شہروں کے لوگ علاج و معالجے سمیت خریداری کے لیے جیکب آباد آتے تھے جس سے شہر کا کاروبار چلتا تھا لیکن اب پولیس کی ناجائزیوں کی وجہ سے بلوچستان سے لوگوں نے آنا چھور دیا ہے جس سے شہر کا کاروبار مکمل ٹھپ ہوچکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او ائیرپورٹ عبدالمجید سدھایو کو ہٹایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں