غزہ جنگ بندی کی صورت میں ہی اسرائیل پر حملہ موخر ہوسکتا ہے، ایران

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ہونے کی صورت میں ہی ایران کی اسرائیل پر جوابی حملے کی کارروائی موخر ہوسکتی ہے۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی مذاکرات ناکام ہونے یا اسرائیل کے مذاکرات سے پیچھے ہٹنے کی صورت میں ایران اسرائیل پر براہ راست حملہ کردےگا۔ خیال رہے کہ ایران نے اپنی سرزمین پر ہونے والے حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ امریکا اور یورپی ممالک نے ایران کو روکنے کی سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں، امریکا نے ترکیہ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کو کشیدگی کم کرنے پر آمادہ کرے۔ ایران نے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کو جواب دیا ہے کہ تحمل کا مشورہ دینے والے غزہ میں اسرائیلی حملے بند کرائیں۔ ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران سے تحمل کا مطالبہ کرنا سیاسی شعور کا فقدان اور بین الاقوامی قانونی اصولوں کے خلاف ہے۔