امریکا غزہ میں اسرائیل کا طویل مدتی قبضہ قبول نہیں کرے گا، امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا غزہ میں اسرائیل کا طویل مدتی قبضہ قبول نہیں کرے گا اور ان کی فوجوں کو مصر اور غزہ کے درمیان فلڈیلفیا کی راہداری کے درمیان رہنا ہو گا۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق انٹونی بلنکن لبنان کے دورے کے بعد مشرق وسطیٰ کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس لوٹ گئے۔ غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں میں تیزی لانے کے لیے امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ نے مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اس دورے کے دوران اسرائیل، مصر اور لبنان کی قیادت سے ملاقاتیں کیں لیکن اس دورے کے باوجود 10ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی۔ دوحہ سے واشنگٹن روانگی سے قبل بلنکن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے، اسے آنے والے دنوں میں مکمل کرنے کی ضرورت ہے اور ہم اسے مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انٹونی بلنکن کے ساتھ سفر کرنے والے بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ امریکا کو توقع ہے کہ جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات رواں ہفتے جاری رہیں گے۔ امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ نے منگل کو مصری صدر عبدالفتح السیسی سے بات چیت کی اور پھر قطر گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں