حکومتی وفد سے آل پارٹیز اور گرینڈ الائنس کے نمائندہ وفد کی ملاقات، احتجاج ختم کرنے اور گرفتار رہنماﺅں کی رہائی پر اتفاق

کوئٹہ (ویب ڈیسک) حکومتی وفد کے ساتھ آل پارٹیز اور گرینڈ الائنس کے نمائندہ وفد کی ملاقات میں گرینڈ الائنس کی اسیر قیادت کو فوری طور پر رہا کرنے اور موجودہ حالات کے پیش نظر احتجاج فی الحال ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ آل پارٹیز پر مشتمل وفد میں عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ، اور ملازمین گرینڈ الائنس شامل تھیں۔ وفد میں اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، پاکستان تحریک انصاف کے سلام آغا، ایچ ڈی پی کے رہنما عصمت یاری، اے این پی کے رہنما ثناءاللہ کاکڑ، نیشنل پارٹی کے امیر عنایت اللہ بوزدار، بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنما اسماعیل کاسی اور این ڈی ایم کے عنایت شاہ شامل تھے۔ حکومت کی جانب سے مجاز کمیٹی کے اراکین صوبائی وزیرِ خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیرِ تعلیم راحلہ حمید درانی، صوبائی وزیر علی مدد جتک، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید اقبال شاہ وزیراعلیٰ کے پرسنل سیکرٹری عمران زرکون اور اسپیشل سیکرٹری فنانس عارف خان اچکزئی نے ملاقات میں شرکت کی۔ ملاقات میں طے پایا کہ صوبے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرینڈ الائنس کے تمام اسیر ملازمین کو رہا کیا جائے گا، جبکہ 12 فروری کو آل پارٹیز کی اعلیٰ قیادت اور گرینڈ الائنس کی حکومتی کمیٹی کے ساتھ اجلاس ہوگا، جس میں التوا شدہ تمام مسائل کے حل کے لیے ایک متفقہ طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ خیرسگالی کے طور پر ملازمین کے احتجاج کو فی الحال ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے