صوبائی حکومت آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے،ضیا لانگو
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور بلوچستان میر ضیا لانگو نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کو ایک بار پھر یقین دلایا ہے کہ چمن میں صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے متاثرین کی داد رسی کی جائے گی صحافی برادری اطمیان رکھے کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی صوبائی حکومت آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اور باہمی تعاون کی فضا کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ایوب ترین اور جنرل سیکرٹری رشید بلوچ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا بی یو جے کے عہدیداروں نے سوموار کو وزیر داخلہ و قبائلی امور بلوچستان میر ضیا لانگو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور گزشتہ ماہ چمن کے صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات پر تاخیر اور انتظامی افسر کی جانب سے مقامی صحافیوں سے قبضے میں لئے گئے موبائل لیپ ٹاپ اور دیگر سامان کی عدم واپسی پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا صوبائی وزیر داخلہ نے بی یو جے کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ چمن کے صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی اس واقعہ کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ از خود دیکھ رہے ہیں اور واقعہ کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں صحافیوں کا تمام سامان واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صحافیوں کے مابین خوشگوار تعلقات کے فروغ اور اس کے تسلسل کے لیے باہمی تعاون کی فضا کو قائم رکھا جائے گا۔


