ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے ہرحد تک جائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یہ ناراض بلوچ نہیں، دہشت گرد اور شرپسند ہیں اور یہ ظالم بہت جلد کیفر کردار تک پہنچیں گے، ریاست اپنی رٹ قائم کرے گی جس کے لیے ہر ذریعہ استعمال کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بلوچ نے کسی پنجابی کو نہیں بلکہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو مارا ہے، یہ دہشت گرد ہیں، ان کا کوئی قبیلہ نہیں، یہ دہشت گرد زمین پر فساد پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کے جن دہشت گردوں نے گن کا انتخاب کرتے ہوئے کاروبار کرنے والے معصوم لوگوں کو بسوں سے اتار کر قتل کیا، کیا ان دہشت گردوں کے ہمدرد ان کے اہلخانہ کو جواب دے سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ان دہشت گردوں کے لیے ہمدرانہ رویہ رکھتے ہیں اور سڑکوں پر ان کی وکالت کرتے ہیں، جیسے ریاست نے بلوچستان پر کوئی ظلم کیا ہے، حالانکہ ظلم تو یہ ہے کہ معصوم لوگوں کو ان کے خاندان کے ساتھ اتار کر شہید کردیا جائے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ یہ لڑائی ریاست کی لڑائی ہے، دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ہمدردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہوگی، ظالم کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا جاسکتا ، اور یہ ظالم بہت جلد کیفر کردار تک پہنچیں گے، ریاست اپنی رٹ قائم کرے گی جس کے لیے ہر ذریعہ استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری سوسائٹی کے دیگر لوگ اور سیاسی جماعتیں فیصلہ کرلیں کہ آپ ان لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتے ہیں جو آزاد بلوچستان کی بات کرتے ہیں یا پھر ان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں پاکستان کو مضبوط کرنے، بلوچستان کی ترقی کی بات کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کو ناراض بلوچ کہا جاتا ہے لیکن اس حوالے سے صوبائی اسپیکر کی رولنگ موجود ہے کہ یہ دہشت گرد ہیں، یہ دہشت گرد ہیں، شرپسند ہیں، اس زمین پر فساد پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں اور اس سے زیادہ فساد اور کیا ہوسکتا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کو نشانہ بنایا جائے اور معصوم لوگوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا جائے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ مذاکرات کا حامی ہوں لیکن مذاکرات کس کے ساتھ کیے جائیں، معصوم مزدوروں کے قاتلوں کے ساتھ مذاکرات کروں۔انہوں نے کہا کہ کیا بلوچستان کے لوگ پرامن ہیں اور وہ ترقی چاہتے ہیں، پھر یہ کون لوگ ہیں جو امن نہیں چاہتے، یہ بی ایل اے، دہشت گرد اور ان کے ہمدر، جو سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں، کچھ لوگ باہر بیٹھ کر لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں