علی امین گنڈا پور اکثریت کھو چکے ہیں، وہ اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں،فیصل کریم کنڈی

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور اکثریت کھو چکے ہیں، وہ اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں،وزیر اور مشیر کیوں بدلے جا رہے ہیں، اگر وہ کرپٹ ہیں، نااہل ہیں تو انہیں سزا کیوں نہیں دی جا رہی، جب تک میں بیٹھا ہوں یونیورسٹی کی ایک انچ زمین نہیں بیچنے دوں گا۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اکثریت کھو چکے ہیں، وہ اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں، دو تہائی اکثریت والے وزیراعلیٰ اپنی اسمبلی میں جانے سے کترا رہے ہیں، چار مرتبہ اجلاس ملتوی ہو چکا ہے، وزیراعلیٰ کے پاس اکثریت نہیں، ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آسکتی ہے، میں سرکاری طور پر بھی وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی کہہ سکتا ہوں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ مشیر اور معاونین خصوصی کی سمری پر پائوں رکھوں، بتایا جائے وزیر اور مشیر کیوں بدلے جا رہے ہیں، اگر وہ کرپٹ ہیں، نااہل ہیں تو انہیں سزا کیوں نہیں دی جا رہی۔انہوںنے کہا کہ کہتے ہیں صوبہ میں نظام تعلیم بہترین ہو گیا، اسمبلی میں بل لایا جائے کہ سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے بچے بھی سرکاری سکولوں میں پڑھیں، یہ لوگ تو کہتے تھے کہ گورنر و سی ایم ہائوس میں یونیورسٹیز بنائیں گے، یہ لوگ تو اب الٹا یونیورسٹیاں بیچنے لگے ہیں،جب تک میں بیٹھا ہوں یونیورسٹی کی ایک انچ زمین نہیں بیچنے دوں گا۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے کو اختیار ہے کہ کہاں رقم لگائیں، یہ ضم اضلاع کے فنڈز کہیں اور لگا رہے ہیں، کابینہ اجلاس اسلام آباد میں بلاکر خرچے کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے سیاسی مسیحا مولانا فضل الرحمان کے پاس پہنچ جاتے ہیں، وزیراعلیٰ سویا ہواہے اسے پتہ ہی نہیں کہ امن وامان کی کیا صورتحال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں