جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشریٰ بی بی کا پرانا شوق ہے، عظمیٰ بخاری
لاہور(صباح نیوز) وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشریٰ بی بی کا پرانا شوق ہے، مریم نواز کے فرشتوں کو بھی خبر نہیں کہ بشری بی بی اڈیالہ جیل کے کس سیل میں ہیں، ان کو جیل میں ان کے شوہر کی طرح بی کلاس کی سہولتیں دی گئی ہیں ۔انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہبشری بی بی انڈے کھائیں، مرغی کھائیں یا پلا ئوکھائیں مریم نواز کو کوئی پرواہ نہیں ،جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشریٰ بی بی کا پرانا شوق ہے، روزانہ خبروں میں رہنے کا یہ بہت بھونڈا طریقہ ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کے فرشتوں کو بھی خبر نہیں کہ بشری بی بی اڈیالہ جیل کے کس سیل میں ہیں، ان کو جیل میں ان کے شوہر کی طرح بی کلاس کی سہولتیں دی گئی ہیں،مریم نواز کو بانی پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں جن اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا بشریٰ بی بی ان سب سے محفوظ ہیں، مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل اور نیب کے عقوبت خانے میں جن حالات میں رکھا گیا یہ سب بشریٰ بی بی کی خواہش پر تھا۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز نے جیل کی سختیاں برداشت کر لیں لیکن کبھی عورت کارڈ استعمال نہیں کیا، بشریٰ بی بی توشہ خانے کے تحائف چوری کرنے اور 190 ملین پائونڈ کی بندر بانٹ کے جرائم میں جیل میں قید ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان دونوں میاں بیوی کو جیل میں جو سہولتیں میسر ہیں ان کا ایک آزاد شہری تصور بھی نہیں کر سکتا، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی وی آئی پی انداز میں جیل کاٹ رہے ہیں۔ آپ سیاسی دکان چمکانے کے لیے اپنی گندی زبان سے مریم نواز کا نام مت لیا کریں۔