اسرائیل کا بیروت پر فضائی حملہ، حزب اللہ کے متوقع سربراہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے۔العربیہ نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت ٹرانسپورٹ اینڈ پبلک ورکس کے ذرائع نے بتایا کہ بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے احاطے کے باہر اسرائیل نے فضائی حملے کیے ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں حزب اللہ کے سینئر عہدیدار ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رائٹرز کو اس حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی کسی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے آیا ہے۔لبنان کے حزب اللہ گروپ کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے جنوبی بیروت کے مضبوط گڑھ پر لگاتار 11 حملے کیے ہیں، جس کی آواز بیروت میں موجود اے ایف پی کے صحافیوں نے بھی سنی ہیں۔ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بمباری اتنی شدید تھی کہ کار الارم بج گئے اور بیروت اور اس کے مضافات میں عمارتیں لرز اٹھیں۔رائٹرز کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لبنان کے بیروت ہوائی اڈے کے قریب زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔اس سے قبل حزب اللہ کے ایک اور قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ جمعرات کو اسرائیلی حملے میں بیروت میں ہوائی اڈے کے قریب ایک گودام کو نشانہ بنایا گیا تھا۔لبنان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 37 افراد شہید اور 151 زخمی ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں