کے پی کے حکومت اپنا تماشہ بنانے کے بجائے اپنے صوبائی معاملات کے حل کیلئے کام کرے،شیری رحمان

اسلام آباد(یو این اے)نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملکی مفادات کو اپنی سیاست کے نظر کر رہی ہے، کے پی کے حکومت اپنا تماشہ بنانے کے بجائے اپنے صوبائی معاملات کے حل کیلئے کام کرے۔جمعہ کو تحریک انصاف کی اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پھر تحریک انتشار کے مظاہروں اور جلسوں کی وجہ سے اسلام آباد کا پہیہ بند ہے،ملائیشیا کے وزیراعظم کی وفاقی دارالحکومت میں موجودگی کے باوجود اسلام آباد پر یلغار کا اعلان قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی ماہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس ہونا ہے،اس صورتحال میں اسلام آباد میں بدامنی اور انتشار پیدا کر کے تحریک انصاف عالمی دنیا کو کیا پیغام دے رہی ہے؟ آپ کے اسلام آباد میں دھرنوں کی وجہ سے چین کے صدر نے اپنا دورہ منسوخ کیا تھا،کیا اب آپ شنگھائی تعاون تنظیم کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ۔شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف ملکی مفادات کو اپنی سیاست کے نظر کر رہی ہے،جیل میں بیٹھا شخص احتجاج کی کال دیتا ہے اور خیبر پختونخوا کی حکومت یلغار کیلئے نکل پڑتی ہے، اسلام آباد اور لاہور میں لوگوں کی عدم شرکت کے بعد تحریک انصاف کو احتجاج کی سیاست چھوڑ کر خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت پر توجہ دینی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت اپنا تماشہ بنانے کے بجائے اپنے صوبائی معاملات کے حل کیلئے کام کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں