خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، حکومتی اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا،تین افراد گرفتار

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا ہوگئے۔ اسپیکر کی جانب سے وقت نہ دینے پر اپوزیشن ارکان شدید اشتعال میں آگئے، ارکان اسمبلی نے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا۔پی ٹی آئی کے رکن نیک وزیر اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے رکن اقبال وزیر میں جھگڑا ہوا، دونوں ارکان کے الجھنے پر ان کے حامی بھی لڑائی میں کود پڑے، اسمبلی میں الجھنے والے دونوں ارکان کا تعلق وزیرستان سے ہے۔ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اسپیکر نے اجلاس میں 15 منٹ کا وقفہ کیا، بعد ازاں اجلاس 14 اکتوبر پیر کے روز سہہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے 3 افراد کو اسپیکر کی ہدایت پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔اسپیکر کی ہدایت پر اسمبلی کے سیکیورٹی اسٹاف نے تین افراد کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا۔ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والوں میں رکن اسمبلی اقبال وزیر، بھتیجا محب اللہ اور رشتے دار نقیب اللہ شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں