چمن واقعہ افسوسناک، غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے، لشکری رئیسانی
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے گذشتہ روزچمن میں پیش آنیوالے پر تشدد واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کرائی جائے۔ اپنے جاری مذمتی بیان میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے پاک افغان سرحدی شہر چمن میں ہونے والے پرتشدد واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نو ذوالحج کے روز جب پوری دنیا میں لوگ عبادات اور دعاؤں کی جانب متوجہ ہیں ایسے میں چمن میں پیش آنیوالے پرتشدد واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بخشش، ایثار اور قربانی مبارک دن دونوں جانب احتیاط اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چائیے تھا تاکہ یہ افسوسناک واقعہ پیش نہیں آتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔


